کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے، مہنگائی، ٹیکسوں کی بھرمار اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جمعہ کو ملک گیر یومِ احتجاج کے سلسلے میں کراچی کے 14مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے،مرکزی مظاہرہ قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ کی قیادت میں جامع مسجد خضراء صدر میں ہوا،مظاہروں سے امرائے اضلاع سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا،سیف الدین ایڈووکیٹ نے مرکزی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام دشمن پالیسیوں، مہنگائی، ٹیکسوں اور ظالمانہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف اپنی تحریک جاری اور حکمرانوں کا پیچھا کرتی رہے گی ، کراچی کے عوام خصوصاً نوجوان، تاجر، مزدور، طلبہ اور شہری حکومت کی عوام دشمن ظالمانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں۔سڑکوں پر نکلنے اور مسلسل جدوجہد کرنے والی قومیں ہی ترقی اور اپنے حقوق حاصل کرتی ہیں، آئی ایم ایف سے آج تک پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا بلکہ ہر قرض کے بدلے عوام پر مزید ٹیکس مسلط کیے گئے۔