کراچی( سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اسناد کی تصدیق کے عمل کو بہتر، تیز ، آن لائن اور پیپر لیس بنانے کا نیا عمل آئی ٹی حکام کی عدم دلچسپی کے باعث سست روی کا شکار ہوگیا ہے جس کی وجہ سے امیدواروں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس نئے عمل میں آن لائن تصدیق کے لئے فیس جمع کرانے کے بعد امیدوار اور ایچ ای سی حکام بھی لاعلم ہوتے ہیں کہ امیدوار کی اسناد کی تصدیق کون سا افسر کررہا اور کس شہر سے ہورہی ہے، کراچی کی اسناد کی تصدیق کے آن لائن نظام امیدوار کی اسناد کو کراچی کی بجائے پشاور، اور لاھور بھیج رہا ہے اسی طرح لاھور اور پشاور کی اسناد کراچی اور کوئٹہ آرہی ہیں اور بیرون صوبہ مقیم تصدیقی افسر اسناد کو متعلقہ شہر کی جامعہ بھیج رہا ہے جس سے اسناد کی تصدیق کے عمل میں تاخیر ہورہی ہے تاہم تصدیق کے عمل کے بعد امیدوار آن لائن پرنٹ بھی نکلوانے سے قاصر ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے اگر کسی امیدوار کو ہنگامی بنیاد پر اسناد کی تصدیق کرانی ہو تو اس نئے آن لائن نظام ایسی کوئی شق ہی موجود نہیں کہ وہ ارجنٹ فیس ادا کرکے اپنی اسناد کی تصدیق جلد کرا سکے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل برائے تصدیق اسناد حضرت بلال نے کہا کہ یہ اسناد کی تصدیق کا آن لائن عمل امیدواروں کی آسانی کے لئے شروع کیا گیا ۔