اقوام متحدہ (اے پی پی)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان پر عائد پابندیوں میں ایک سال کی توسیع کرتے ہوئے قرارداد نمبر 2821 منظور کر لی ہے، جس کے تحت اسلحہ پابندی، سفری پابندیاں اور اثاثے منجمد کرنے کے اقدامات برقرار رہیں گے۔قرارداد کی منظوری کے دوران 15 میں سے 9 ارکان نے حمایت میں ووٹ دیا جبکہ 6 ممالک نے رائے شماری میں حصہ لینے سے گریز کیا، جن میں پاکستان، چین، روس، جمہوریہ کانگو، لائبیریا اور صومالیہ شامل ہیں۔ پاکستان نے اس معاملے پر غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کیا۔قرارداد کے تحت پابندیوں میں توسیع کے ساتھ ساتھ جنوبی سوڈان کے لیے ماہرین کے پینل کی مدت بھی 1جولائی 2027 تک بڑھا دی گئی ہے، جو پابندیوں سے متعلق کمیٹی کی معاونت جاری رکھے گا۔ مسودہ امریکہ کی جانب سے پیش کیا گیا تھا اور اس میں گزشتہ قرارداد کے مقابلے میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں کی گئی۔ووٹنگ کے بعد پاکستان کے نائب مستقل نمائندے سفیر عثمان جدون نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ پابندیوں کو احتیاط کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے اور انہیں مستقل یا محض تعزیری نوعیت کا نہیں بننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پابندیوں کا مقصد سیاسی حل اور استحکام کی کوششوں کو فروغ دینا ہونا چاہیے، جبکہ افریقی یونین نے بھی جنوبی سوڈان پر پابندیوں کے تسلسل پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔