لاہور(خالدمحمودخالد) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ٹفنی ٹرمپ اور ان کے شوہر مائیکل بولوس نے آگرہ میں تاج محل کا دورہ کیا ، جوڑا تاریخی حسن سے بے حد متاثر ہوا۔ ٹفنی ٹرمپ اور مائیکل بولوس تاج محل کے ریفلیکٹنگ پول کے قریب بینچ پر بیٹھے خوشگوار موڈ میں تصاویر بنواتے رہے جبکہ عملہ ان کی یادگار تصاویر کھینچنے میں مصروف تھا۔ ٹفنی ٹرمپ نجی دورہ پر اس وقت بھارت میں ہیں۔ نئی دہلی کے اکشر دھام مندر سے انہوں نے اپنے دورہ بھارت کا آغاز کیا تھا۔ آگرہ میں تاج محل کی سیر کے بعد ریاست راجستھان کے تاریخی شہر جیسلمیر جانے کا پروگرام بھی ان کے دورے میں شامل ہے۔ اس نجی دورے میں ٹفنی ٹرمپ کے قریبی خاندانی دوست بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ ان کے دورے کو بھارت کے تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی مقامات میں عالمی شخصیات کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا ایک اور مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔