کراچی (نیوز ڈیسک) ٹرمپ کے 1.8 ارب ڈالر متنازع فنڈ پر ریپبلکن پارٹی میں شدید اختلافات،متعدد سینیٹرز نے موجودہ شکل میں حمایت سے انکار کرتے ہوئے سخت نگرانی اور واضح ضوابط کا مطالبہ کردیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 1.8 ارب ڈالر مالیت کے متنازع "اینٹی ویپنائزیشن فنڈ" نے ریپبلکن پارٹی کے اندر شدید اختلافات پیدا کر دیے ہیں ۔ 53 رکنی ریپبلکن اکثریت میں شامل تقریباً نصف سینیٹرز نے قائم مقام اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش کے ساتھ ایک بند کمرہ اجلاس میں فنڈ پر تحفظات کا اظہار کیا، جس کے بعد پارٹی قیادت کو 72 ارب ڈالر کے امیگریشن فنڈنگ بل پر پیش رفت مؤخر کرنا پڑی۔ یہ فنڈ ٹرمپ انتظامیہ اور محکمہ محصولات کے درمیان قانونی تصفیے کے نتیجے میں سامنے آیا تھا اور اس کا مقصد مبینہ سیاسی انتقام یا حکومتی اختیارات کے غلط استعمال سے متاثر ہونے والوں کو سرکاری خزانے سے معاوضہ دینا ہے۔ تاہم ناقدین کو خدشہ ہے کہ اس سے 6 جنوری 2021 کو کانگریس پر حملے میں ملوث بعض افراد یا ٹرمپ کے سیاسی اتحادیوں کو بھی مالی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔