واشنگٹن(اے ایف پی) امریکا اور کیوبا کے اعلیٰ فوجی حکام کی گوانتانامو بے میں اہم ملاقات،دونوں ممالک نے فوجی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کر لیا، سکیورٹی اور آپریشنل امور پر تبادلہ خیال ، گوانتانامو اڈے کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ،واشنگٹن ہوانا کشیدگی کے دوران اہم پیشرفت ہے۔ امریکا اور کیوبا کے اعلیٰ فوجی حکام نے گوانتانامو بے میں ایک اہم ملاقات کی ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود رابطوں کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی سدرن کمانڈ کے مطابق امریکی جنرل فرانسس ڈونوون نے کیوبا کے جنرل روبرٹو لیگرا سوٹولونگو سے ملاقات کی، جس میں آپریشنل سکیورٹی اور دیگر فوجی امور پر مختصر مگر اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی بیان کے مطابق جنرل ڈونوون نے گوانتانامو نیول بیس کے اطراف حفاظتی انتظامات کا جائزہ بھی لیا اور فوجیوں، ان کے اہل خانہ کی سلامتی اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں مقامی حکام سے بات چیت کی۔ دوسری جانب کیوبا کی وزارتِ انقلابی مسلح افواج نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں وفود نے ملاقات کو مثبت قرار دیا اور مستقبل میں دونوں فوجی کمانڈز کے درمیان رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے باعث واشنگٹن اور ہوانا کے تعلقات میں مسلسل کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔