• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صفائی کے مثالی دعوے پھر کمی بیشی کا اعتراف واضح تضاد، جماعت اسلامی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے منتخب 85یوسی چیئرمینوں نے مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس پر مشترکہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قابض میئر ناقص کارکردگی اور شہری مسائل کے حل میں بدترین ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے حقائق کو مسخ کرنے اور الزام تراشی کی سیاست کر رہے ہیں، صفائی کے مثالی دعوے پھر کمی بیشی کا اعتراف واضح تضاد ہے،کراچی کے عوام گزشتہ تین برس سے پیپلزپارٹی کی بلدیاتی کارکردگی کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ دعووں اور زمینی حقائق میں کتنا بڑا فرق موجود ہے،عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے آلائشوں، کچرے اور گندگی کی متعدد شکایات موصول ہوتی رہیں ، اگر انتظامات واقعی مثالی تھے تو پھر شہر کے مختلف علاقوں کے عوام شکایات کیوں کرتے رہے، کراچی کے عوام اب بیانات اور اشتہاری مہمات سے متاثر نہیں ہوں گے بلکہ عملی نتائج چاہتے ہیں،انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام کو الزام تراشی، سیاسی تماشوں اور پریس کانفرنسوں کی نہیں بلکہ پانی، سڑکوں، سیوریج، ٹرانسپورٹ، صفائی اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کی ضرورت ہے، سندھ حکومت اور اس کے ماتحت بلدیاتی ادارے شہری مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، جماعت اسلامی پر بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے مرتضیٰ وہاب کو اپنی کارکردگی کا جواب دینا چاہیے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید