کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکورنے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت سے لاکھوں خاندان بری طرح متاثر ہیں ، کراچی کو روزانہ 1200 ملین گیلن سے زائد پانی درکار ہے جبکہ شہر کو صرف550 سے650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، ٹینکر مافیا اس صورتحال سے بھرپور فائدہ حاصل کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ شہر کے متعدد علاقوں میں ہفتے میں صرف ایک یا دو مرتبہ پانی فراہم کیا جاتا ہے جبکہ کئی بستیاں مکمل طور پر نجی ٹینکروں پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں، پاسبان ایگزیکٹوکمیٹی کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی عدم دستیابی نے گھریلو بجٹ کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے، موجودہ مہنگائی، بڑھتے ہوئے بجلی و گیس کے بلوں اور معاشی مشکلات کے دور میں پانی پر اضافی اخراجات شہریوں کے لیے ناقابلِ برداشت بنتے جا رہے ہیں۔