• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارتھ کراچی میں پانی کی عدم فراہمی، علاقہ مکینوں کا احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج مظاہرہ کیا گیا،شدید گرمی میں پانی و بجلی سے ستائے ہوئےمظاہرین کی بڑی تعداد ناگن چورنگی کے قریب جمع ہو گئی اور سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا ، احتجاج کے باعث راشد منہاس روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں،مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی روز گزر جانے کے باوجود گھروں میں پانی کی فراہمی بحال نہیں ہوسکی، جبکہ گیس اور بجلی کی قلت نے بھی شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پانی کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ علاقہ مکینوں نے خبردار کیا کہ پانی سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی تک احتجاج جاری رکھا جائے گا،شہریوں کا کہنا ہے کہ نارتھ کراچی میں پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرچکا ہے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں ، تقریباً ایک گھنٹے تک جاری احتجاج پولیس سے مذاکرات کے بعد ختم کرکے سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید