کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے بیان پر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کی ترجمان فوزیہ صدیقی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کو اپنی کامیابی قرار دینے والے کراچی کی تباہ حال سڑکوں اور گندگی کا بھی جواب دیں، کراچی کے عوام نعروں سے نہیں، بنیادی سہولتوں اور عملی کارکردگی سے مطمئن ہوتے ہیں، اگر کراچی میں ترقی ہو رہی ہے تو شہری آج بھی پانی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے بحران کا شکار کیوں ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 18سال سے سندھ میں برسراقتدار ہے، کراچی کے مسائل کی ذمہ داری کسی کے اور پر نہیں ڈالی جا سکتی، کراچی کا موازنہ لاہور سے نہیں، پیپلز پارٹی کے اپنے وعدوں اور کارکردگی سے ہونا چاہیے، واٹر پارک بنانے کے دعوے کرنے والوں کو پہلے شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا چاہیے، کراچی میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور ٹوٹی سڑکیں حکومتی دعوؤں کی حقیقت بیان کر رہی ہیں، بلاول بھٹو کی قیادت میں ترقی کے دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔