کراچی (ٹی وی رپورٹ) سیکریٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی، ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے حکومت نے بنیادی معاشی اصلاحات نافذ ہی نہیں کیں۔ سابق وزیر مملکت، اشفاق تولہ نے کہا کہ ایف بی آرکی کارکردگی کی کمزوری چھپانے کیلئے عوام پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا۔ وزیر اطلاعات کے پی، شفیع اللہ جان نے کہا کہ پارٹی میں گروپ بندی یا فارورڈ بلاک موجود نہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے ملکی معیشت، وفاقی بجٹ، خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال، صومالیہ میں یرغمال پاکستانیوں کے مسئلے اور ایران،امریکا مذاکرات سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ سیکریٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی، ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی پالیسیوں سے ایسا کوئی راستہ دکھائی نہیں دیتا جس کے ذریعے پاکستان آئی ایم ایف پر انحصار ختم کر سکے۔حکومت نے بنیادی معاشی اصلاحات سرے سے نافذ ہی نہیں کیں، اس لئے ان کی کامیابی یا ناکامی پر بحث بے معنی ہے۔ این ایف سی ایوارڈ میں اصلاحات، زرعی ٹیکس کے نفاذ، وفاقی حکومت کے حجم میں کمی، غیر ضروری وزارتوں کے خاتمے اور مقامی حکومتوں کے نظام کو مضبوط بنانے جیسے اہم وعدے پورے نہیں کئے گئے۔ پاکستان میں بجلی، گیس اور ٹیکسوں کی شرح خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ گیس کا گردشی قرضہ 3 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔