کراچی (نیوز ڈیسک) ٹرمپ کے داخلی محصولات کے ادارے کیخلاف10ارب ڈالر مقدمے کے تصفیے پر تنازع، خفیہ معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئیں، مقدمے کے تصفیے کے لیے وکلا کے محدود اور قریبی حلقے نے مذاکرات کیے۔ متاثرین کیلئے 1.8ارب ڈالر کا فنڈ قائم، ٹرمپ اور ان کے خاندان کو ٹیکس آڈٹ سے وسیع تحفظ دینے کی تجویز سامنے آئی۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی داخلی محصولات کے ادارے کے خلاف دائر دس ارب ڈالر کے مقدمے کے تصفیے کے لیے ہونے والی بات چیت انتہائی خفیہ انداز میں ایک محدود گروپ کے ذریعے کی گئی جس میں صدر کے قریبی وکلا شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کے تحت ایک ارب اسی کروڑ ڈالر کا فنڈ قائم کرنے پر اتفاق ہوا جس سے ان افراد کو ادائیگی کی جا سکتی ہے جو خود کو حکومت کی مبینہ زیادتیوں کا شکار سمجھتے ہیں، جن میں چھ جنوری دو ہزار اکیس کے واقعے میں ملوث بعض افراد بھی شامل ہو سکتے ہیں۔