کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ انسدادِ تمباکو نوشی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمباکو نوشی انسانی صحت کے لئے ایک خاموش قاتل ہے اور اس سے بچاؤ وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ صحت مند سماج کے قیام کے لئے تمباکو نوشی سے دور رہیں اور دوسروں کو بھی اس کے نقصانات سے آگاہ کریں۔ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی جیسی مضر عادت سے محفوظ رکھنا حکومت، والدین، اساتذہ اور سماج کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔تمباکو نوشی صرف ایک عادت نہیں بلکہ متعدد مہلک بیماریوں کی جڑ ہے، جو دل، پھیپھڑوں اور دیگر خطرناک امراض کا سبب بنتی ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کے خلاف موجود قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔