اسلام آ باد ( نیوز ر پورٹر) حج پالیسی 2027 رواں ماہ جون میں ہی وفاقی کابینہ میں پیش کر دی جائے گی ،’’پہلے آؤ، پہلے پائو‘‘ کی پالیسی برقرار رہے گی ،اگلے دو ماہ میں نئے حج کی بکنگ مکمل ہونے کا امکان ہے ،2027حج کے خواہشمند اپنے پاسپورٹ تیار کروا لیں،روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے 80فیصد عازمین نے فائدہ اٹھایا، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج 2026کے کامیاب انعقاد اور پاکستان کو مسلسل دوسرے سال بین الاقوامی’’لبیتم ایکسی لنس ‘‘ اور پرائیوٹ حج سکیم کوتین ایوارڈ ملنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال بہترین انتظامات کی بدولت شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا، وہ اتوار کو پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں پوسٹ حج پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو، چیف کوارڈنیٹر مرزا علی محسود ، ڈائریکٹر حج مکہ محمد عارف اسلم رائو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ حج 2026کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے۔ عازمینِ حج نے اپنے مناسک بخیر و عافیت ادا کیے۔ یہ کامیابی حکومتِ پاکستان، وزارتِ مذہبی امور، پاکستان حج مشن اور سعودی حکام کے مثالی تعاون کا نتیجہ ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔ پاکستان حج مشن کی کارکردگی کو سعودی وزیر حج کی سربراہی میں بین الاقوامی فورم پر بھی سراہا گیا، جہاں پاکستان نے مسلسل دوسرے سال "لبیتم ایکسی لنس ایوارڈ" حاصل کیا، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔