• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمارٹ لاک ڈاؤن، کاروباری اوقات کار میں پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ

پشاور(آئی این پی )تنظیم تاجران خیبر پختونخوا و پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز نے حکومت سے ملک میں جاری سمارٹ لاک ڈاؤن اور کاروباری اوقات کار پر عائد پابندیاں فوری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر تاجر برادری کو ریلیف نہ دیا گیا تو ملک بھر میں دوبارہ احتجاجی تحریک شروع کر دی جائے گی، صدر تنظیم تاجران خیبر پختونخوا ملک مہر الٰہی، صدر پشاور چیمبر شکیل احمد خان صراف اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اب جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ اور جنگ بندی ہو چکی ہے، تو وزیر اعظم پاکستان کو ملک میں نافذ لاک ڈاؤن فوری ختم کرنے کا اعلان کرنا چاہیے،طویل معاشی جمود اور مہنگائی کے باعث عوام میں خریداری کی سکت ہی باقی نہیں رہی، جس کا مقتدر حلقوں کو بالکل احساس نہیں ہے، انہوں نے مزیدکہا کہ ملک کی موجودہ نازک معاشی صورتحال کے پیش نظر لاک ڈاؤن کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھر کا تاجر پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہے، تاجر رہنماؤں نے کہا کہ گرمی کے موسم میں خریداری کے حقیقی اوقات ہی شام 7 سے رات 11 بجے تک ہوتے ہیں، ایسے میں رات 8 بجے دکانیں زبردستی بند کرانا کاروباری طبقے کو بے روزگار کرنے کے مترادف ہے، حکومت کا یہ موقف سراسر غلط ہے کہ رات 8 بجے کاروبار بند کرنے سے پیٹرول کی بچت ہوگی، کاروباری طبقہ شام 7 سے رات 11 بجے تک سب سے زیادہ مہنگی بجلی خریدتا ہے جس سے حکومت کو ریونیو ملتا ہے، اگر حکومت واقعی پیٹرول میں بچت کرنا چاہتی ہے تو اشرافیہ اور سرکاری افسران کو ملنے والے مفت پیٹرول اور دیگر مراعات ختم کرے، انہوں نے واضح کیا کہ ملکی معیشت میں بہتری لانے کے لیے کاروباری پہیہ چلتے رہنا شرط ہے، لہٰذا حکومت فوری طور پر تاجر دوست فیصلے کرے ورنہ تاجر برادری سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔
پشاور سے مزید