اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ خارجہ نے سفارتی تقرریوں میں میرٹ، پیشہ ورانہ مہارت اور ادارہ جاتی تسلسل کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ یہ سفارش قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کی گئی جو چیئرپرسن حنا ربانی کھر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مائیگریشن ، سفارتی امور، وزارتِ خارجہ میں ادارہ جاتی اصلاحات اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اہم معاملات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں اسپین میں غیر دستاویزی تارکین وطن، بشمول پاکستانی شہریوں، کے لیے متعارف کرائی گئی خصوصی ریگولرائزیشن اسکیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،سیکریٹری خارجہ نے یورپ کے لیے قانونی ہجرت کے مواقع پر مکالمے کے فروغ میں چیئرپرسن حنا ربانی کھر کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس اہم موضوع کو ادارہ جاتی اور سفارتی سطح پر مسلسل اجاگر کیا ،کمیٹی کو بتایا گیا کہ وزارتِ خارجہ نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں، نیشنل پولیس بیورو، وزارتِ داخلہ اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس، پاسپورٹس، ویزوں اور دیگر ضروری دستاویزات کے اجرائ میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جن سے ہزاروں پاکستانی مستفید ہوئے ہیں۔میڈرڈ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر ظہور نے بارسلو نا قونصلیٹ کی کارکردگی کے بارے میں بتایا کہ 5 ماہ میں 20ہزار 288 قونصلر خدمات فراہم کی گئیں۔جنو ری تا مئی 2026کے دوران 7ہزار 575 حلف نامے اور تصدیقات جاری کی گئیں۔