کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبد الرحیم نے کہا ہے کہ سندھ کے پانی کے حق پر سمجھوتہ قبول نہیں ، وفاق کی جانب سے اگر سندھ کو اس کے آئینی اور قانونی حصے کا پانی فراہم نہیں کیا جا رہا تو پیپلز پارٹی وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کرے۔ سندھ کے پانی کے معاملے پر صرف بیانات اور نمائشی احتجاج نہیں، عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔سندھ کے عوام کے بنیادی حقوق، زراعت ، معیشت اور مستقبل پر کوئی سمجھوتہ قبول نہ سندھ کے حصے کا پانی روکنے کا سلسلہ جاری رہا تو عوام بھرپور جمہوری جدوجہد کریں گے۔ گدو اور کوٹری بیراج میں پانی کی مسلسل کمی تشویشناک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ سردار عبد الرحیم نے مزید کہا کہ ارسا 1991ء کے آبی معاہدے کے مطابق سندھ کو اس کا مکمل حصہ فراہم کرے۔