پشاور( لیڈی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ خیبر پختونخوا کی صدر سینیٹر روبینہ خالد اور صوبائی کابینہ کی منظوری سے تنظیمی امور کو مزید فعال، منظم اور مؤثر بنانے کے لیے مختلف تنظیمی عہدوں پر تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے ہیں۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کرزمہ خان کو اپر مالاکنڈ ڈویژن کی ڈویژنل صدر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سمیرا سلطان کو ضلع اپر چترال کی سینئر نائب صدر نامزد کیا گیا ہے۔اسی طرح خواتین ونگ ضلع لوئر کرم کی تنظیم سازی مکمل کرتے ہوئےسارہ علی کو صدر، نازیہ بی بی کو جنرل سیکرٹری اور نوشین بیگم کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔خواتین ونگ خیبر پختونخوا کی صدر سینیٹر روبینہ خالد نے نومنتخب عہدیداران سے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے، پارٹی قیادت کے وژن اور خواتین کی سیاسی و سماجی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گی۔اعلامیے میں تمام نومنتخب عہدیداران کو اپنی ذمہ داریاں فوری طور پر سنبھالنے اور تنظیمی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے