پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا میں حفاظتی ٹیکوں سے متعلق آگاہی بڑھانے اور ہر بچے تک رسائی کے لئے سکول کے بچوں کو’’ہیلتھ ایڈووکیٹس‘‘ بنا کر منفرد مہم کامیابی سے چلائی گئی ۔ اس سلسلے میں امیونائزیشن پروجیکٹ کے تحت پشاور، خیبر، کرم اور کرک میں 1,248 آگاہی سیشنز منعقد کئے گئے، جن کے ذریعے طلبہ نے گھروں اور کمیونٹیز میں ویکسینیشن کا پیغام پہنچایا۔پروجیکٹ لیڈ ڈاکٹر جنید کے مطابق اس اقدام سے تقریباً 15 ہزار 600 گھرانوں اور 46 ہزار 800 افراد تک رسائی حاصل کی گئی، جبکہ ویکسین سے انکار کے رجحان میں بھی کمی دیکھی گئی۔ آؤٹ ریچ ورکرز کا کہنا ہے کہ بچے خاندانوں کو ویکسینیشن شیڈول یاد دلانے اور غلط فہمیوں کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔منصوبے کے تحت 130 سرکاری اسکولوں کو براہ راست شامل کیا گیا جبکہ 52 تربیت یافتہ آؤٹ ریچ ورکرز نے مختلف علاقوں میں سرگرمیاں انجام دیں۔ حکام کے مطابق سکولوں، والدین اور ای پی آئی ٹیموں کے درمیان بہتر رابطے کے باعث معمول کی ویکسینیشن کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا، خاص طور پر دور دراز اور ویکسین سے ہچکچاہٹ رکھنے والے علاقوں میں مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔