پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور میں نیشنل جونیئر چیمپئن شپ 2026 کے انعقاد کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی 7 جون کو قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں کریں گے جس میں چاروں صوبوں اور مختلف سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے 952 مرد وخواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل وامور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر اور ڈائریکٹر سپورٹس آپریشن جمشید بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام نیشنل جونیئر چیمپئن شپ میں سکواش، ٹیبل ٹینس، اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، کراٹے اور والی بال کے مقابلے منعقد ہوں گے، تمام کھیلوں میں مرد اور خواتین کے الگ الگ مقابلے رکھے گئے ہیں جبکہ والی بال میں مردوں کے مقابلے شامل ہوں گے۔ تاج محمد خان ترند نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اس چیمپئن شپ کو ایک بہترین موقع سمجھیں اور میدان میں اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ اپنے اپنے صوبوں اور پورے پاکستان کا نام روشن کرنے کے لئے دل و جان سے محنت کریں۔ انہوں کہا کہ وزیراعلی ٰخیبر پختونخوا کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیل کے یکساں اور بہترین مواقع فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، یہ ایونٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ پاکستان بھر کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور ان کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کا ایک شاندار ذریعہ ثابت ہوگا۔ مقابلے 10 جون تک جاری رہیں گے۔ سکواش مقابلے 3 جون سے 5 جون تک کھیلے جائیں گے۔