اسلام آ باد (رانا غلام قادر)وفاقی حکومت نے سول بیوروکریسی میں شفافیت اور احتساب یقینی بنانے کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے سول سرونٹس کی غیر ملکی شہریت اور دہری نیشنلٹی سے متعلق نئے سخت قواعد نافذ کر دئیے ہیں جن کے تحت غیر ملکی شہریت چھپانا ’’مس کنڈکٹ‘‘ تصور ہو گا جبکہ غلط معلومات دینے یا حقائق پوشیدہ رکھنے والے افسران کی ملازمت بھی ختم کی جا سکے گی،وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ’’سول سرونٹس (ڈسکلوزر اینڈ ریگولیشن آف فارن نیشنلٹی) رولز 2026‘‘ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئے قواعد کا اطلاق تمام سول سرونٹس پر ہو گا جبکہ غیر ملکی سفری دستاویزات رکھنے والے افسران بھی قواعد کے دائرے میں آ گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سول سر ونٹس اپنی، شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی پاسپورٹ، مستقل رہائش، امیگریشن اسٹیٹس اور دیگر غیر ملکی وابستگیوں سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کرنے (declare)کے پابند ہوں گے۔