اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا، تیز تر معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کیلئے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات اٹھائینگے، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ہمارا مشن ہے، اجتماعی کاوشوں سے اس کی تکمیل یقینی بنائینگے۔وزیر اعظم نے ان خیا لات کا اظہار گزشتہ روز ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلی قیادت کے وفد سےملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز نمٹانے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ہمارا مشن ہے اور اجتماعی کاوشوں سے اس مشن کی تکمیل یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کے باوجود ایکسپورٹ ری فائنانس سکیم کی شرح جون 2027 تک 4.5 فیصد پر برقرار رہے گی۔ برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے بینکوں کا یہ فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔وزیراعظم نے کاروباری برادری کی سہولت کیلئے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کرنے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کاروباری برادری کی درخواست پر گجرات میں پاسپورٹ کا دفتر کھولنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کے لیے اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی ہمارے معاشی ایجنڈے کا ہم حصہ ہیں، پاکستانی سرمایہ کار جوائنٹ وینچرز کے ذریعے الیکٹرک وہیکلز کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں۔ وفد کے شرکاء نے وزیراعظم، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خلیج کی کشیدہ صورتحال میں امن کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا ۔وفد نے کہا کہ ملک بھر کی کاروباری برادری پاکستان کی معاشی ترقی اور روزگار میں اضافے کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے،۔وفد کے ارکان نےپسماندہ اور متوسط طبقے کے لیے "وزیراعظم اپنا گھر پروگرام" کے تحت آسان شرائط پر قرضہ اسکیم کے اجراء کا خیر مقدم کیا۔