• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا فیصلہ اسلام آباد میں بیٹھا بابو نہیں آپ کریں، بلاول بھٹو زرداری

کراچی(نیوز ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے میں چاہتا ہوں کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا فیصلہ اسلام آباد میں بیٹھا بابو نہیں آپ کریں۔حلقہ جی بی اے 12 شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں تو پوری پی ڈی ایم کو ناراض کرکے آپ کے پاس آیا تھا، ایک بار پھر یہاں آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں، آپ نے کبھی پیپلزپارٹی کو کبھی مایوس نہیں کیا، وہ غلط فہمی میں تھے کہ عوام کے لیے آواز اٹھانے والا کوئی نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ قائد عوام نے روٹی،کپڑا اور مکان کے نعرے پر عمل بھی کیا تھا، پاکستان ایٹمی قوت بن کر آج دنیا کے سامنے مضبوط ہوکر کھڑا ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پسماندہ طبقوں کی نمایندگی کی، قائد عوام نے گلگت بلتستان کے کمزور عوام کا ساتھ دیا، آپ نے قائد عوام کا ساتھ دیا،قائد عوام نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنادیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج بھی ہمارا مطالبہ ہے کہ گلگت بلتستان میں صاف و شفاف الیکشن ہوں، آپ کو فارم 45 ہاتھ میں لیکر واپس جانا ہے، آپ نے میرا ساتھ دینا ہے، فارم 47 کا بندوبست میں خود کروں گا، امید ہے ہماری کوئی سیٹ اس بار چوری نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے الیکشن اسی وقت ہوں جب پاکستان میں جنرل الیکشن ہوں، جب گلگت بلتستان اور پاکستان کا الیکشن ساتھ ہوا پھر صحیح معنوں میں حق حاکمیت یقینی ہوگی۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ ہر چیز کو اسلام آباد سے چلانا چاہتے ہیں، گوادر اور کراچی کو بھی اسلام آباد سے چلوانا چاہتے ہیں، اسلام آباد والے جو فیصلے کرتے ہیں آپ نے اس کا نقصان بھگتا ہے، دیگر پارٹیاں گلگت بلتستان اور گوادر کو بھی اسلام آباد سے چلانا چاہتی ہیں، اگر وفاق کنگال ہے تو سب سے پہلے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی وزارت بند کرے، میں چاہتا ہوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا فیصلہ اسلام آباد میں بیٹھا بابو نہیں،آپ کریں۔

اہم خبریں سے مزید