کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر کے سوال کہ جنگ پھر سے شروع ہوگئی تو یورپی یونین کیا کرے گی، کا جواب دیتے ہوئے یورپین کمیشن کی نائب صدر کایا کلاس نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قانون کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے ۔سابق سفراء نغمانہ ہاشمی اور آصف درانی نے کہا کہ جنگ دوبارہ پوری طرح سے شروع ہوسکتی ہے یا نہیں اس پر ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نے کہا کہ یورپین کمیشن کی نائب صدر کایا کلاس نے پاکستان کی ایران و امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور صلح کرانے کی کوششوں کی تعریف کی ہے جبکہ آج دونوں ممالک کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ روس کی حکومت نے ان کا گرفتاری کا وارنٹ بھی جاری کر رکھا ہے ۔ حامد میر نے کایا کلاس سے متعلق بتایا کہ وہ یورپین یونین کی نائب صدر اور یورپی یونین کی خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی کی سربراہ بھی ہیں اور یہ استونیا کی سابق وزیراعظم بھی ہیں۔ نائب صدر یورپی کمیشن کایا کلاس نے کہا کہ سب کے مفاد میں ہے جنگ بند ہوجائے اس جنگ کی قیمت ہم سب ادا کر رہے ہیں جنگ کی وجہ سے اگلے سال قحط کا بھی خطرہ ہے۔ میں امریکہ و ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر پاکستان کی تعریف کرتی ہوں۔ امریکہ و ایران کو بالآخر جنگ بندی پر اتفاق کرنا ہوگا۔ ہم سب پہلے مرحلے کے مذاکرات پر سمجھوتے کی امید کر رہے ہیں اور اس کے بعد جوہری مسئلے پر بھی بات ہوگی۔