کراچی (نیوز ڈیسک) امارات میں اقتدار کی نئی نسل ابھرنے لگی، شیخ خالد بن محمد مرکزی کردار صف اوّل میں ہیں،ابوظبی کے ولی عہد کو اہم مالی اور سفارتی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، 300ارب ڈالر خودمختار فنڈ کے سربراہ ہیں۔ عالمی سرمایہ کاری و خارجہ پالیسی پر توجہ،صدر محمد بن زاید اقتدار کی منتقلی کو منظم انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے صاحبزادے اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان تیزی سے ملکی اقتدار، عالمی سرمایہ کاری اور سفارتی معاملات میں اہم کردار سنبھالتے جا رہے ہیں، جسے امارات میں نئی نسل کو اقتدار منتقل کرنے کی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ 44 سالہ شیخ خالد حالیہ مہینوں میں چین سمیت اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کر چکے ہیں اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔