کراچی (نیوز ڈیسک)آبنائے ہرمز میں امریکی فوج خفیہ طور پر تجارتی جہازوں کی رہنمائی کرنے لگی۔ تین ہفتوں میں تقریباً 70 تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا گیا، ایرانی حملوں سے بچنے کیلئے جہازوں نے ٹرانسپونڈر بند رکھے۔ بیشتر جہاز عمان کے قریب متبادل راستوں سے گزرے، ایران کی بندرگاہوں سے منسلک جہازوں کیخلاف امریکی ناکہ بندی جاری ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام نے بتایا سینٹرل کمانڈ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تقریباً 70 تجارتی جہازوں کی خفیہ طور پر رہنمائی کر چکی ہے تاکہ وہ ایران کے ممکنہ ڈرون اور میزائل حملوں سے محفوظ رہ سکیں۔ حکام نے بتایا کہ ان جہازوں نے اپنی شناخت ظاہر کرنے والے ٹرانسپونڈر بند رکھے اور زیادہ تر سفر ایسے راستوں سے کیا جو ایرانی ساحل کے بجائے عمان کے قریب واقع تھے۔ فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں سے قبل روزانہ 100 سے زائد تجارتی جہاز اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرتے تھے، تاہم اب اوسطاً صرف تین جہاز روزانہ امریکی رہنمائی میں سفر کر رہے ہیں۔