کراچی (جنگ نیوز ) جیو فلمز اور فلم والا پکچرز کی پیشکش ”زومبیڈ“نے باکس آفس کے گذشتہ تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں اور عید الاضحی پر اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔فہد مصطفی اور مہوش حیات کی پرفارمنس کو شاندار پذیرائی، سینما گھروں میں فلم بینوں کا بے مثال رش۔ ”زومبیڈ“ کا خوف بھی عوام کی جیبیں خالی کرنے لگا ہے، لوگوں نے ”زومبیڈ“ کا خوف نکالنے کیلئے ٹکٹ خرید کر اپنا پیسہ اُچھالنا شروع کردیا ہے۔ فلم نے باکس آفس پر دھواں دار کارکردگی دکھاتے ہوئے 21 کروڑ 34 لاکھ روپے کا شاندار بزنس کر لیا ہے۔جیو فلمز اور فلم والا پکچرز کی پیشکش نے فلموں کی کمائی کے تمام سابقہ ریکارڈ پاش پاش کر دیئے ،فلم کی شاندار نمائش جاری ہے اور عوام کی بڑی تعداد اب بھی اپنی فیملیز کے ساتھ اس فلم کو دیکھنے کیلئے ایڈوانس بکنگ کرانے میں مصروف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی سینما کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کرتے ہوئے فلم ”زومبیڈ“نے ریلیز کے ابتدائی دنوں ہی میں غیرمعمولی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ عیدالاضحی کے موقع پر نمائش کیلئے پیش کی جانے والی اس فلم کو دیکھنے کیلئے ملک بھر کے سینما گھروں میں شائقین کا بے مثال رش دیکھنے میں آیا، جبکہ متعدد سینماز میں اضافی شوز کا اہتمام بھی کرنا پڑا۔فلم کی دل دہلا دینے والی کہانی، تیز رفتار منظرکشی، شاندار ایکشن سیکوئنسز اور جدید ترین ویژول ایفیکٹس نے ناظرین کو بھرپور انداز میں متاثر کیا۔