• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ دیوالیہ پن کے دہانے پر، امریکا و چین نے اربوں ڈالر ادائیگیاں روک دیں

کراچی (رفیق مانگٹ) اقوامِ متحدہ دیوالیہ پن کے دہانے پر، امریکہ و چین کی جانب سے اربوں ڈالر ادائیگیاں روک دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ اگست تک عالمی ادارے کے پاس نقد رقم ختم ہونیکا خدشہ ہے، گوتریس، امریکہ کو 2027تک ووٹنگ حق کھونے کا خطرہ، امریکہ کے 4ارب ڈالر واجبات، یو این کی 42فیصد فنڈنگ خطرے میں، بڑے عطیہ دہندگان غیر فعال، مالی بحران کے باعث 3 ہزار ملازمتیں ختم، دفاتر بند، امن مشنز متاثر، فوج فراہم کرنے والے ممالک کو ادائیگیاں مؤخر کردی گئی ہیں۔ اقوامِ متحدہ شدید مالی بحران کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ ادارہ دیوالیہ پن کی دوڑمیں داخل ہو چکا ہے اور اگست کے وسط تک نقد رقم ختم ہونے کا خطرہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ اور چین، جو اقوامِ متحدہ کے سب سے بڑے مالی معاونین میں شامل ہیں، اپنی واجب الادا رقوم کی ادائیگی میں تاخیر یا روک رہے ہیں، جس سے ادارے کی مالی حالت مزید بگڑ گئی ہے۔ امریکہ نے اربوں ڈالر کی ادائیگیاں نہیں کیں اور متعدد اقوامِ متحدہ پروگرامز اور ایجنسیوں، بشمول عالمی ادارہ صحت، سے علیحدگی اختیار کی ہے۔ اس وقت امریکہ پر اقوامِ متحدہ کے تقریباً 4 ارب ڈالر واجب الادا ہیں۔ دوسری جانب چین نے بھی ادائیگیوں میں تاخیر کر کے مالی بحران کو مزید سنگین بنایا ہے۔ چین نے حالیہ دنوں میں تقریباً 850 ملین ڈالر ادا کیے، تاہم اس کے باوجود اس پر 455 ملین ڈالر باقی ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی بنیادی فنڈنگ کا تقریباً 42 فیصد امریکہ اور چین سے حاصل ہوتا ہے، جس کے باعث ان دونوں ممالک کی ادائیگیوں میں خلل ادارے کے لیے شدید خطرات پیدا کر رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید