کراچی (ٹی وی رپورٹ) تجزیہ کاروں سہیل وڑائچ، سلیم صافی، محمل سرفراز اور ارشاد بھٹی نے کہا ہے کہ سندھ پنجاب کا ہمیشہ سے تقابل ہوتا رہا ہے اور دوسرے صوبوں سے اپنی کارکردگی کا موازانہ کرنا مناسب بات ہے۔پنجاب دوسرے صوبوں کے مقابلے میں وفاق کے لئے ترجیحی حیثیت رکھتا ہے اس وجہ سے بھی پنجاب میں ترقی زیادہ دکھتی ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کی میزبان علینہ فاروق کے سوال کہ پنجاب میں کارکردگی کا دیگر صوبوں سے موازنہ ن لیگ کا انتخابی بیانیہ مضبوط کرے گا؟ کے جواب میں تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ سندھ پنجاب کا ہمیشہ سے تقابل ہوتا رہا ہے اور دوسرے صوبوں سے اپنی کارکردگی کا موازانہ کرنا مناسب بات ہے پنجاب کی وزیراعلیٰ کبھی پشاور اور کبھی سندھ سے موازنہ کرتی ہیں اور سندھ والے بھی صحت کے شعبے کا موازانہ دوسرے صوبوں سے کرتے ہیں اور اس طرح کے مقابلے یا موازانہ عوام کے مفاد میں ہے جو زیادہ سے زیادہ ہونا چاہئے۔