اسلام آباد (مہتاب حیدر)آئی ایم ایف پروگرام کے باعث ملکی ترقیاتی بجٹ متاثر؛ فنڈز کے استعمال میں بڑی کمی کا انکشاف، پی ایس ڈی پی کے 1000ارب میں سے صرف 528ارب روپے خرچ؛ ادھورے منصوبوں کی لاگت 10 ٹریلین تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کی سخت پابندیوں کے باعث ترقیاتی بجٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، کیونکہ اب تک ترقیاتی فنڈز کے لیے مختص ایک ہزار ارب روپے میں سے صرف 528ارب روپے ہی استعمال کیے جا سکے ہیں۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت پیر کے روز اینوئل پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کے سامنے پیش کئے جانے والے ورکنگ پیپر کے مطابق حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی مد میں 1000 ارب روپے مختص کیے تھے، جس میں سے وزارتوں، ڈویژنوں اور انتظامی اداروں نے جولائی 2025 سے 25مئی 2026تک 528ارب روپے استعمال کیے۔