• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو یونیورسٹی اساتذہ کا تدریس اور امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان

کراچی( سید محمد عسکری) وفاقی اردو یونیورسٹی کے اساتذہ بھی جامعہ کراچی کے اساتذہ کے نقش قدم پر چل نکلے ہیں اور انھوں بھی تدریسی عمل اور امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔ جمعرات کو انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق اور گلشن اقبال کیمپس کے مشترکہ اجلاس میں مطالبات کی تکمیل تک اساتذہ نے یونیورسٹی میں جاری تدریسی عمل اور 8 جون سے شروع ہونے والے امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ دونوں اساتذہ انجمنوں کا مشترکہ اجلاس عام عبد القدیر خان آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شینواری کے دور کو ناکام ترین قرار دیتے ہوئے یونیورسٹی کے چانسلر اور صدر پاکستان جانب آصف علی زرداری اور یونیورسٹی کے پرو چانسلر اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے وائس چانسلر کے دور کا احتساب کیا جائے۔ مشترکہ اجلاس میں منظور ہونے والی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اساتذہ و ملازمین کی تمام ہاؤس سیلنگ ادا کی جائیں۔ ہاؤس سیلنگ میں 20 فیصد کٹوتی کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

اہم خبریں سے مزید