ملتان (سٹاف رپورٹر)محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں مٹی و ماحولیاتی علوم کے شعبے، کے زیرِ اہتمام "عالمی یومِ ماحولیات 2026" منایا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے عالمی یومِ ماحولیات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے "ایک صحت، ایک دنیا" کے تصور پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ "اگر ماحولیاتی تبدیلیوں سے انسان کی صحت متاثر ہوتی ہے تو اس کے اردگرد موجود جانور، پودے اور مجموعی ماحول بھی متاثر ہوتے ہیں۔ ایک صحت مند ماحول ہی صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے"شعبہ مٹی و ماحولیاتی علوم کے سربراہ ڈاکٹر وزیر نےماحول کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے"،گیسٹ سپیکرڈاکٹر راشد محمودنے صنعت اور ماحول کے باہمی تعلق پر بات کی اور طلبہ کو "کم استعمال کرو، دوبارہ استعمال کرو، دوبارہ بناو" کے عملی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا ،اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار،پروفیسر ڈاکٹر تنویر الحق،ڈاکٹر مقرب علی،ڈاکٹر عمار مطلوب ،ڈاکٹر وسیم حسن، ڈاکٹر شکیل احمد،محمد حسنین اور امیر حمزہ سمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔