اسلام آباد،تہران، بیروت، کویت (نمائندگان جنگ، اے ایف پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایرانی رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کیلئے پیغام لے کر ایران پہنچ گئے ہیں، محسن نقوی نے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی قیادت کیلئے پیغام پہنچادیا ،روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی لاہور میں ملاقات ہوئی جس میں ایران امریکا مذاکرات پر گفتگو کی گئی اور وزیراعظم نے مذاکرات کے حوالے سے ہدایات بھی دیں، لبنانی آرمی چیف عاصم منیر کی دعوت پر اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے ہیں ،وہ فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات سمیت مصروف ترین دن گزاریں گے ، تہران میں چین کے سفیر کانگ پیوو نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان ایک قابل اعتما د ثالث ہے ، انہوں نے جنگ بندی میں پاکستانی کردار کو قابل ستائش قرار دیا ،ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجبتیٰ خامنہ ای کے مشیر برائےخارجہ امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی کا کہنا ہے کہ ایران کے طاقتور ہونے سے متعلق مغرب کا دیرینہ ڈراؤنا خواب اب حقیقت بن گیا ہے،خطے میں سمجھوتےکا خواب دیکھنے والے بہت بڑی تزویراتی غلطی کر رہے ہیں،امریکا نے ہفتے کی علی الصبح ایران میں گوروک اور جزیرہ قشم میں ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ یہ حملے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں، باربار جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے ظاہر ہوتا ہے امریکا کشیدگی کم کرنےکا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، غیرقانونی کارروائیوں اور مزیدکسی کشیدگی کے نتائج کا ذمہ دار امریکا ہوگا،امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ،پاسداران کا کہنا ہے کہ اگر امریکا کی شرارتیں اسی طرح جاری رہیں تو آبنائے ہرمز سے تیل اور گیس کی برآمدات کی مکمل بندش کے تمام تر نتائج کا ذمہ دار امریکا خود ہوگا،امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے کویت اور بحرین کی طرف فائر کئےگئے 7 میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے،امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کے ان دعووں میں کوئی صداقت نہیں ہے جن میں کہا گیا ہے کہ اس نے بحرین میں موجود امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹرز کو نقصان پہنچایا ہے،سعودی وزارت خارجہ نے بحرین اورکویت پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دے دیا ہے،بحرین نے بھی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بلاجواز حملے فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنان کے صدر جوزف عون کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ لبنان کو اس کے حقیقی دشمن سے بچائیں،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنانی صدر جوزف عون کے ان بیانات کو یکسر مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ لبنان تہران کے لئے ایک ’’بارگیننگ چپ‘‘ (مفادات کے حصول کا مہرہ) ہے،ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز سے ایک امریکی کارگو جہاز کو قبضے میں لیا ہے،پاسداران کے مطابق انہوں نے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کرنے والے چار دیگر ٹینکرز پر بھی فائرنگ کی ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے پاس صرف 21فیصد میزائل باقی رہ گئے ہیں، پیداوار کے مراکز تباہ کر دئیے، تہران معاہدے پر آمادہ نہیں کیونکہ وہ خود کو مضبوط و باوقار سمجھتا ہے،اس کے پاس سمجھوتے کے سوا کوئی راستہ نہیں ، ایران ایسی شرائط قبول کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے جنہیں وہ پہلے ماننے کا تصور بھی نہیں کرتا تھا،ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران اور واشنگٹن کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لئےہونے والے مذاکرات میں منجمد ایرانی فنڈز کی رہائی ایک اہم ترین مسئلہ بن کر سامنے آئی ہے، پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر اور ایران کے رہبرِ اعلیٰ کے مشیر محسن رضائی کا کہنا ہے کہ ایرانی اثاثوں کی رہائی کے معاملے پر مذاکرات ناکامی سے دوچار ہو رہے ہیں،ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی اس رپورٹ کو "سیاسی دباؤ کا ہتھیار" قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے جس میں ایرانی جوہری مقامات تک رسائی نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا،لبنانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے لبنان میں 35افراد شہید ہوگئے ہیں جن میں تین فوجی بھی شامل ہیں، لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ ایک گاڑی پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 3فوجی اہلکار شہید ہوئے، 2مارچ کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک لبنان میں 3ہزار 593افراد شہید ہوچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی لاہور میں ملاقات ہوئی جس میں ایران امریکا مذاکرات پر گفتگو کی گئی،وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو مذاکرات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔ محسن نقوی ایران کے رہبر اعلیٰ کے لیے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام لے کر تہران پہنچے۔ انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات میں بتایا کہ "میں یہاں موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے رہبرِ انقلابِ اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے نام ایک خصوصی اور انتہائی حساس خط (پیغام) پہنچانے کے لیے آیا ہوں۔ میرے خیال میں یہ ایک کلیدی پیغام ہے اور امید ہے کہ اس سے چیزیں بہتری کی طرف بڑھیں گی۔ایرانی منجمد فنڈز کے حوالے سے پیشرفت ہوئی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق ایرانی منجمد فنڈز کے حجم، اجراءکے وقت کے بارے میں اختلافات برقرار ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے ثالثوں کو آگاہ کیا ہے کہ 60 دن سے زیادہ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ اب یہ ایران پر منحصر ہے کہ وہ تیزی سے جواب دے۔