کراچی (رفیق مانگٹ) پینٹاگون نے فوجی ریکارڈ میں 180مذہبی شناختیں ختم کردیں، صرف 31 کیٹیگریز برقرار، امریکی فوج میں 22 عیسائی فرقوں سمیت محدود مذہبی آپشنز، باقی مذاہب خارج، شناختی ٹیگز پر مذہب لکھنے کی آزادی، اگناسٹک، بہائی، بدھ، ہندو، مسلمان، یہودی اور سکھ شناختیں برقرار، وِکّا، پیگن ازم، ہیومنزم، ملحدیت ودیگر خارج، ختم شدہ 180 مذہبی گروپس سے تعلق رکھنے والوں کے لیے صرف ʼکوئی مذہب نہیںʼیا ʼدیگر مذاہبʼ کا آپشن، پینٹاگون نے فوجی اہلکاروں کے ریکارڈ میں درج مذہبی شناختوں کی تعداد میں بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے تقریباً 180 مختلف مذاہب کو ختم کر دیا ہے، جس کے بعد اب صرف 31 مذہبی کیٹیگریز باقی رہ جائیں گی، جن میں سے 22 کا تعلق عیسائیت کے مختلف فرقوں سے ہے. اس فیصلے کا مقصد انتظامی امور کو آسان بنانا اور فوجی قیادت و مذہبی رہنماؤں کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل کو سادہ بنانا ہے۔ محکمہ دفاع کے میمو کے مطابق یہ پابندی فوجیوں کے گلے میں پہنے جانے والے شناختی ٹیگز پر لاگو نہیں ہوگی، جہاں وہ اپنی مرضی کے مطابق مذہبی شناخت درج کروا سکتے ہیں۔