اسلام آباد (اے پی پی) کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی ساحلی اراضی پر عالمی معیار کے میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط،ایم او یو پر دستخط سعودی، پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل (جے بی سی) کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورۂ پاکستان کے دوران کئے گئے، معاہدے پر کراچی پورٹ ٹرسٹ، سعودی بزنس کونسل، نجد گیٹ وے ہولڈنگ کمپنی، عارف حبیب ڈولمین ریئٹ مینجمنٹ لمیٹڈ (اے ایچ ڈی آر ایم ایل) اور پاکستان کارپوریٹ کنسورشیم کے درمیان اتفاق ہوا۔وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ منصوبہ کا مقصد پاکستان کو علاقائی بحری تجارت ، سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے، وفاقی وزیر بحری امور کے مطابق مجوزہ منصوبہ کراچی میں ایم ٹی خان روڈ پر واقع کراچی پورٹ ٹرسٹ کی 140 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا، جس کے تحت جدید تجارتی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا تاکہ ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور شہری ترقی کے عمل کو مزید تقویت ملے۔