• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

28ویں ترمیم کا کوئی مسودہ تیار نہیں، صرف افواہیں ہیں، شرجیل میمن

کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ 28ویں ترمیم کا کوئی مسودہ تیار نہیں ہوا اور یہ صرف افواہیں ہیں۔ ریڈ لائن منصوبے پر دن رات کام جاری ہے، یونیورسٹی روڈ جولائی کے آخر تک ٹریفک کے لئے کھول دی جائے گی، عوام کو وقتی تکلیف ضرور پہنچی، جس کے باعث حکومت نے سخت فیصلے بھی کئے اور عوام سے معذرت بھی کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈ لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کیپٹن (ر) صفدر کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں کہ وہ ان پر تبصرہ کریں، اور وہ ان کے بیانات پر مزید سیاسی بات نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے قائداعظم کے مزار کی حرمت کا بھی خیال نہیں رکھا اور انتخابی مہم کے دوران ان کی زبان بھی نامناسب رہی، انہوں نے کہا کہ وہاں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کمزور رہی، اسی لئے انہیں وہاں بھیجا گیا، تاہم ان کی کوششوں کے باوجود پیپلز پارٹی انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی، پورے پاکستان سے لوگ روزگار کے لئے کراچی آتے ہیں، اور یہ شہر صحت اور روزگار کا بڑا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے، اس لئے کسی بھی شہر سے موازنہ کرتے وقت اس حقیقت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران عوام کی توجہ پیپلز پارٹی کی جانب رہی، جبکہ کچھ وفاقی وزراء نے وہاں جا کر ترقیاتی اعلانات کئے۔ الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ وفاق کو مضبوط کرنا ضروری ہے اور وفاقی بجٹ کے بعد ترقیاتی اہداف طے کئے جائیں گے، 28ویں ترمیم کا کوئی مسودہ تیار نہیں ہوا اور یہ صرف افواہیں ہیں، جبکہ 18ویں ترمیم کی ایم کیو ایم نے بھی حمایت کی تھی۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو عوام بھی سنجیدگی سے نہیں لیتے، کراچی میں موٹروے کا آغاز شہر سے ہونا چاہیے تھا، مگر یہاں منصوبہ بندی میں اس کے برعکس صورتحال رہی۔ کراچی پاکستان کے آخری حصے میں واقع ہے اور یہاں پانی کی 20 فیصد کمی کا مسئلہ بھی موجود ہے۔ شاہراہِ بھٹو کے کھلنے سے شہریوں کو بڑی سہولت ملی ہے اور اس کے استعمال سے وقت کی بچت بھی ہو رہی ہے، اس شاہراہ پر پولیس، ایمبولینس اور ریسکیو سروسز تعینات ہیں تاکہ شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید