• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیکب آباد: سوشل میڈیا پر رائے دینا جرم، وڈیرے کی نجی عدالت قائم

جیکب آباد (نامہ نگار)سوشل میڈیا پر رائے دینا جرم بن گیا، وڈیرے کی "نجی عدالت" قائم، نوجوان اور والدین سے قرآن اٹھوا کر معافی، ویڈیو وائرل، ایس ایس پی کا نوٹس تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سوشل میڈیا پر ایک کمنٹ کرنا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا، مقامی بااثر وڈیرے نے مبینہ طور پر اپنی نجی عدالتقائم کر لی، نوجوان اور اس کے والدین کو ذلت آمیز سلوک کا نشانہ بنایا گیا جبکہ قرآن پاک اٹھوا کر معافی منگوائی گئی۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی شدید عوامی غم و غصہ پھوٹ پڑا اور پولیس حکام کو نوٹس لینا پڑ گیا۔تحصیل ٹھل کے تھانہ مبارکپور کی حدود میں واقع گاؤں نظام مستوئی کے رہائشی نوجوان خادم مستوئی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے نیچے کمنٹ کیا، جس پر مقامی بااثر شخصیت مشتعل ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق نوجوان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ اگر اس نے ویڈیو پیغام کے ذریعے معافی نہ مانگی تو اس کی ٹانگیں توڑ دی جائیں گی۔خوف و ہراس کے ماحول میں نوجوان کے والدین قرآن پاک اٹھا کر وڈیرے کے پاس پہنچے اور بیٹے کی جانب سے معافی مانگی۔ ذرائع کے مطابق نوجوان کی والدہ نے اپنے سر سے دوپٹہ اتار کر بااثر شخص کے قدموں میں رکھ دیا، مگر اس کے باوجود معافی قبول نہ کی گئی۔
اہم خبریں سے مزید