دبئی (سبط عارف)متحدہ عرب امارات اور کینیڈا نے جامع اقتصادی شراکت داری (سیپا - CEPA) معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سروسز کے شعبے میں رکاوٹیں کم کرنا اور نئے اقتصادی مواقع پیدا کرنا ہے۔اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے بتایا کہ یہ معاہدہ صرف 47 روز میں طے پایا، جو سیپا پروگرام کے تحت ہونے والے تیز ترین معاہدوں میں شمار ہوتا ہے۔متحدہ عرب امارات نے 2021 میں سیپا پروگرام کا آغاز کیا تھا اور اب تک 38 ممالک اور اقتصادی شراکت داروں کے ساتھ ایسے معاہدے مکمل کر چکا ہے۔ان ممالک میں بھارت، ترکیہ، اردن، سربیا، یوکرین، ویتنام اور حال ہی میں کینیڈا شامل ہیں، جبکہ بنگلہ دیش، یورپی یونین، پیرو، گھانا، روانڈا اور زیمبیا کے ساتھ بھی معاہدوں پر پیش رفت جاری ہے۔یہ پروگرام متحدہ عرب امارات کی نان آئل (غیر تیل ) تجارت اور عالمی سرمایہ کاری بڑھانے کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔