• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ولیکا اسپتال میں بچوں میں ایچ آئی وی کیسز، وزیراعلیٰ سندھ کا سخت نوٹس

کراچی (این این آئی) ولیکا اسپتال میں 100سے زائد بچوں میں ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو متاثرہ بچوں کے علاج، معاونت اور ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی وجوہات کا فوری تعین کرکے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے معاملے میں کسی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔دوسری جانب لانڈھی اور کورنگی کے صنعتی علاقوں میں سیسی (SESSI) کے زیر انتظام اسپتالوں میں بھی ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہونے کی اطلاعات کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کئے جانے کا امکان ہے۔صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا کہ معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور اگر کسی ڈاکٹر، پیرامیڈیکل اسٹاف، لیبارٹری عملے یا انتظامیہ کی غفلت ثابت ہوئی تو ان کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ سیسی اسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول، خون کی اسکریننگ، لیبارٹری نظام، انجکشن اور طبی آلات کے استعمال سمیت تمام طبی طریقہ کار کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ مشتبہ کیسز کی اسکریننگ اور مریضوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ماہرین صحت نے مطالبہ کیا ہے کہ ولیکا اسپتال سمیت تمام متعلقہ طبی مراکز کا آزادانہ آڈٹ کرایا جائے تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی مؤثر روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید