اسلام آباد(ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) آل پاکستان آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں آئل ٹینکرز کی سپلائی کسی بھی صورت معطل نہیں کی جائے گی، موجودہ نازک حالات میں آئل ٹینکر مالکان پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین میر شمس شاہوانی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام متعلقہ فریقوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ پورے پاکستان میں آئل ٹینکرز کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل بلا تعطل جاری رہے گی تاکہ عوام اور صنعتوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میر شمس شاہوانی نے بتایا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر اور متعلقہ وزارتوں کے حکام کے ساتھ کرایوں، ٹرانسپورٹ اخراجات اور آئل ٹینکرز کو درپیش دیگر مسائل پر مسلسل اجلاس جاری ہیں، جبکہ آئندہ بھی مذاکرات کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ تمام معاملات افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں۔ تاہم حکومت عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔