• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا حافظ نعیم الرحمٰن کو فون، امیرالعظیم کی وفات پر اظہارِ تعزیت

اسلام آباد( نیوز رپورٹر ) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کے انتقال پر ملک و بیرون ملک سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، مرحوم کے بھائیوں اور صاحبزادوں سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مرحوم کی دینی، سیاسی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بھی امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو سراہا اور اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو ٹیلیفون کرکے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے مغفرت و بلندی درجات جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق منصورہ پہنچے، جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کرکے امیرالعظیم کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا، فاتحہ خوانی کی ۔ اسلام آباد میں افغانستان اسلامی امارت کے سفارت خانے نے بھی تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اہم خبریں سے مزید