طب کا بنیادی مقصد انسان کی جان بچانا اور اُس کی صحت بہتر بنانا ہے۔ اِس مقصد کے حصول میں ڈاکٹر اور مریض کے درمیان سب سے اہم رابطہ طبّی نسخہ(Medical Prescription) ہے۔ درست، مکمل اور واضح نسخہ نہ صرف علاج کو مؤثر بناتا ہے، بلکہ مریض کا معالج پر اعتماد بھی مضبوط کرتا ہے۔ اس کے برعکس ناقص، غیر واضح یا غیر ذمّے دارانہ نسخہ مریض کی صحت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
اِسی لیے دنیا بَھر میں نسخہ نویسی کوئی انتظامی عمل نہیں، مکمل کلینیکل، اخلاقی اور قانونی ذمّے داری سمجھی جاتی ہے۔ ہر نسخہ ڈاکٹر کی سوچ، تشخیص اور فیصلہ سازی کا عکّاس ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس پر کامل توجّہ دینا ضروری ہے۔
صرف دوا کا نام نہیں، ایک ذمّے داری
نسخہ لکھنا محض ادویہ کے نام لکھ دینا نہیں ہے۔ یہ ایک ایسا تحریری فیصلہ ہے، جو ڈاکٹر کی تشخیص، علم، تجربے اور مریض کے لیے خیر خواہی کا عکّاس ہوتا ہے۔
ہر نسخہ بتاتا ہے کہ ڈاکٹر نے مریض کی حالت کو کس طرح سمجھا، کون سے عوامل مدّ ِنظر رکھے اور کیوں کوئی خاص دوا، مقدار اور دورانیہ منتخب کیا۔ ایک اچھا نسخہ مریض کو یقین دِلاتا ہے کہ اُس کا علاج سائنسی بنیادوں پر، محفوظ طریقے سے اور اُس کے بہترین مفاد میں ہو رہا ہے۔
جب نسخہ غیر واضح ہوتا ہے، تو دواساز، نرس یا خود مریض غلط فہمی کا شکار ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق، دنیا بَھر میں ہر سال ہزاروں اموات اور پیچیدگیاں صرف ناقص نسخہ نویسی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ اِس لیے ہر ڈاکٹر کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ نسخہ لکھتے وقت اُس کی ہر لکیر کا مطلب ہے اور ہر لفظ کا اثر مریض کی زندگی پر مرتّب ہو سکتا ہے۔
دانش مندانہ نسخہ نویسی
جدید طب میں’’Rational Prescribing‘‘ یعنی دانش مندانہ نسخہ نویسی پر بہت زور دیا جاتا ہے۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ ڈاکٹر کم سے کم ادویہ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرے۔ مریض کو صرف وہی دوا دی جائے، جس کی واقعی ضرورت ہو، مناسب مقدار میں، مناسب وقت تک اور مناسب قیمت پر۔ دانش مندانہ نسخہ نویسی کے پانچ بنیادی اصول ہیں، جن پر عمل کرنے سے ڈاکٹر کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
پہلا اصول، مرض کی مکمل تشخیص کی جائے تاکہ علاج کی سمت واضح ہو۔ دوسرا اصول، علاج کا واضح مقصد متعیّن کیا جائے، یعنی یہ طے ہو کہ بخار کم کرنا چاہتے ہیں، انفیکشن ختم کرنا چاہتے ہیں یا درد میں کمی لانا مقصود ہے۔ تیسرا اصول، ثابت شدہ، مؤثر اور محفوظ دوا کا انتخاب کیا جائے، جو مریض کی حالت کے مطابق ہو۔
چوتھے اصول کے تحت مریض کی عُمر، وزن، دیگر بیماریوں اور مالی حیثیت مدِنظر رکھنی ضروری ہے تاکہ دوا مریض کے لیے قابلِ برداشت ہو۔ پانچواں اصول یہ ہے کہ مریض کو دوا کے استعمال کا طریقہ اور ممکنہ اثرات سمجھائے جائیں تاکہ وہ خود کو علاج میں شریک محسوس کرے۔
ڈاکٹر اور مریض کے درمیان اعتماد کا تحریری معاہدہ
جب کوئی مریض ڈاکٹر کے پاس آتا ہے، تو وہ اپنی سب سے قیمتی چیز، یعنی ’’صحت‘‘ ڈاکٹر کے سپرد کرتا ہے۔ یوں طبّی نسخہ ایک تحریری معاہدہ بن جاتا ہے، جس میں ڈاکٹر وعدہ کرتا ہے کہ وہ مریض کے لیے بہترین فیصلہ کرے گا۔ اگر نسخہ غیر واضح، غیر ضروری ادویہ پر مشتمل یا مکمل ہدایات کے بغیر ہو، تو یہ اعتماد ٹوٹتا ہے۔
مریض علاج ادھورا چھوڑ دیتا ہے، غلط دوا لے لیتا ہے یا پھر غیر ضروری اخراجات کا شکار ہوتا ہے۔ اِس لیے ہر ڈاکٹر کی ذمّے داری ہے کہ وہ نسخے کو اُسی قدر سنجیدگی سے لے، جس قدر اہمیت سرجری یا کسی بڑے طبّی فیصلے کو دیتا ہے۔
ایک اچھا نسخہ مریض کو احساس دِلاتا ہے کہ اُس کی بات سُنی گئی، حالت سمجھی گئی اور اُس کے لیے بہترین حل نکالا گیا ہے۔ یہی احساس علاج کے نتائج بہتر بناتا ہے، کیوں کہ جب مریض کو اعتماد ہوتا ہے، تو وہ دوا وقت پر لیتا ہے اور ہدایات پر عمل کرتا ہے۔
طبّی اخلاقیات اور نسخہ نویسی
نسخہ نویسی کا تعلق صرف علم ہی سے نہیں، Medical Ethics سے بھی ہے۔ طبّی اخلاقیات کا بنیادی اصول’’Primum Non Nocere‘‘ ہے، یعنی سب سے پہلے نقصان نہ پہنچاؤ۔ ایک ذمّے دار ڈاکٹر کبھی بھی مریض کی خواہش پر غیر ضروری اینٹی بایوٹک، انجیکشن یا اسٹیرائیڈ نہیں لکھتا۔ وہ مریض کو سمجھاتا ہے کہ فوری آرام کے لیے غلط دوا لینا طویل مدّتی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
اِسی طرح دوا ساز کمپنیز کے پروموشنل دباؤ، کمیشن یا تحائف کی بنیاد پر دوا تجویز کرنا غیر اخلاقی ہے۔ ایک اچھا ڈاکٹر ہمیشہ سوال کرتا ہے کہ کیا یہ دوا واقعی مریض کے لیے ضروری ہے، کیا اِس سے سستا اور محفوظ متبادل موجود ہے اور کیا مریض اسے برداشت کر سکے گا۔
یہی سوالات نسخہ نویسی کو اخلاقی بنانے کے ساتھ، ڈاکٹر کو صرف ایک نسخہ نویس نہیں، مریض کا محافظ بناتے ہیں۔ طبّی اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ مریض کا مفاد ہر وقت اوّلین ترجیح رہے، چاہے اس کے لیے ڈاکٹر کو مریض کی خواہش کے خلاف ہی فیصلہ کیوں نہ کرنا پڑے۔
بین الاقوامی رہنما اصول اور معیاری طریقۂ کار
عالمی ادارۂ صحت، FDA اور دیگر طبّی اداروں نے نسخہ نویسی کے لیے واضح رہنما اصول مرتّب کیے ہیں، جن کے مطابق ہر نسخے میں مریض کی مکمل معلومات، واضح تشخیص، دوا کا درست نام، مقدار، طریقۂ استعمال اور مدّت درج ہونا ضروری ہے۔ جہاں ممکن ہو Generic Names استعمال کرنے کی سفارش کی جاتی ہے تاکہ شناخت آسان ہو اور مریض کو کم قیمت پر متبادل مل سکے۔
غیر واضح مخففات، پڑھنے میں مشکل لکھائی اور ادھوری ہدایات سے سختی سے اجتناب کرنا چاہیے کہ یہی چیزیں طبّی غلطیوں کی بڑی وجہ بنتی ہیں۔ کئی اسپتالوں میں’’ الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ‘‘اور کمپیوٹرائزڈ نسخہ نویسی کا نظام متعارف کروایا جا چُکا ہے، جس سے انسانی غلطیاں کم ہوتی ہیں اور دوا کی حفاظت، مقدار اور الرٹ سسٹم کے ذریعے مریض کی سیفٹی بہتر ہوتی ہے۔
نسخے کی ساخت اور اس کی منطقی ترتیب
ایک منظّم نسخہ مریض اور دواساز دونوں کے لیے آسانی پیدا کرتا ہے۔ عام طور پر نسخے کی ترتیب اِس طرح ہونی چاہیے کہ پہلے مریض کی بنیادی معلومات آئیں، پھر تشخیص اور اُس کے بعد ادویہ کی فہرست۔ مریض کا پورا نام، عُمر، جنس اور تاریخ درج کرنا ضروری ہے تاکہ شناخت میں کوئی ابہام نہ رہے۔ اس کے بعد بیماری یا تشخیص واضح طور پر لکھی جاتی ہے تاکہ علاج کا مقصد معلوم ہو۔
ادویہ لکھتے وقت ایک ترتیب اختیار کی جاتی ہے، جس میں پہلے زبانی ادویہ یعنی گولیاں اور کیپسول آتے ہیں، پھر شربت اور سسپنشن، اس کے بعد انجیکشن اور آخر میں جِلد پر لگانے والی ادویہ۔ یہ ترتیب نسخے کو منظّم اور آسان فہم بناتی ہے۔
ہر دوا کے ساتھ اُس کی طاقت، مقدار، خوراک کا وقفہ اور دورانیہ واضح لکھا جائے تاکہ مریض کو کوئی الجھن نہ ہو۔ ڈاکٹر کا نام، رجسٹریشن نمبر، دست خط اور رابطہ نمبر بھی نسخے کا لازمی حصّہ ہیں کہ یہ قانونی اور پیشہ ورانہ تصدیق کے لیے ضروری ہیں۔
ادویہ کی تعداد اور Polypharmacy سے بچاؤ کی حکمتِ عملی
قانونی طور پر کسی نسخے میں ادویہ کی تعداد کی کوئی حد مقرّر نہیں ہے، لیکن عملی طور پر کم ادویہ بہتر ہوتی ہیں۔ او پی ڈی کے مریضوں کے لیے عام طور پر تین سے پانچ ادویہ کافی ہوتی ہیں تاکہ علاج سادہ، محفوظ اور قابلِ عمل رہے۔ زیادہ ادویہ لکھنے سے مریض ذہنی الجھن کا شکار ہو سکتا ہے، خاص طور پر بزرگ افراد، جو پہلے ہی کئی بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں۔
بعض اوقات مریض مختلف اوقات میں ادویہ لینے میں غلطی کرتے ہیں، جس سے علاج متاثر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ادویہ ایک دوسرے کے اثرات تبدیل کر سکتی ہیں، جس سے’’ Drug Interactions ‘‘کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ غیر ضروری ادویہ مریض کے مالی اخراجات میں بھی اضافہ کرتی ہیں، اِس لیے ہمیشہ ضرورت کے مطابق دوا لکھنا بہتر سمجھا جاتا ہے۔ ذمّے دار ڈاکٹر ہمیشہ یہ سوال کرتا ہے کہ کیا یہ دوا واقعی ضروری ہے، کیا اس کے بغیر کام چل سکتا ہے اور کیا مریض اسے صحیح طریقے سے استعمال کر سکے گا۔
نسخے کے ساتھ مکمل تفصیل اور ہدایات کی اہمیت
صرف دوا کا نام لکھ دینا کافی نہیں، کیوں کہ مریض کو سمجھنا چاہیے کہ دوا کب، کیسے اور کتنی دیر لینی ہے۔ ہر دوا کے ساتھ اس کی طاقت مثلاً250ملی گرام یا500 ملی گرام واضح لکھنا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی درج ہونا چاہیے کہ دوا دن میں کتنی بار لینی ہے، کھانے سے پہلے یا بعد میں اور کتنے دن تک استعمال کرنی ہے۔ واضح ہدایات مریض کے لیے علاج کو آسان بناتی ہیں اور غلط استعمال کا خطرہ کم کرتی ہیں۔
بعض مریض خود سے خوراک تبدیل کر لیتے ہیں، اِس لیے ڈاکٹر کی واضح ہدایت ضروری ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر کسی مریض کو اینٹی بایوٹک دی جا رہی ہے، تو یہ بتانا ضروری ہے کہ کورس مکمل کرنا ہے، چاہے بخار اُتر جائے۔ اِسی طرح اگر دوا کھانے کے بعد لینی ہے، تو اس کی وجہ بھی سمجھانی چاہیے تاکہ مریض اس پر عمل کرے۔
صاف لکھائی، ڈاکیومینٹیشن اور ڈیجیٹل نظام
طبّی غلطیوں کی ایک بڑی وجہ غیر واضح لکھائی بھی ہے۔ اگر نسخہ پڑھنے میں مشکل ہو، تو دوا غلط دی جا سکتی ہے یا غلط استعمال ہو سکتا ہے۔ اِسی لیے ہمیشہ واضح اور صاف نسخہ لکھنا ضروری ہے۔ آج کل کئی اسپتالوں میں کمپیوٹرائزڈ نسخہ نویسی کا نظام استعمال ہو رہا ہے تاکہ انسانی غلطیاں کم کی جا سکیں۔
ڈیجیٹل نظام میں دوا کا نام، مقدار اور خوراک خودکار طور پر آتی ہے، جس سے ہاتھ کی لکھائی کی غلطی ختم ہو جاتی ہے۔ اس کے ساتھ سسٹم خود Drug Interactions، Allergy Alerts، اور Overdose Warnings بھی دیتا ہے۔ Proper Documentation بھی علاج کا لازمی حصّہ ہے، کیوں کہ یہ مریض کی تاریخ، تشخیص اور علاج کا ریکارڈ محفوظ رکھتی ہے۔ یہ ریکارڈ بعد میں علاج کی بہتری اور قانونی تحفّظ کے لیے کام آتا ہے۔
مخفّفات کے استعمال میں احتیاط اور واضح زبان کی ضرورت
بعض ڈاکٹرز نسخے میں مختصر الفاظ استعمال کرتے ہیں تاکہ وقت بچے، لیکن یہ بعض اوقات خطرناک غلط فہمی پیدا کر سکتے ہیں۔ مختلف افراد اُنہیں مختلف انداز میں سمجھ سکتے ہیں، جس سے دوا کی مقدار میں غلطی ہو سکتی ہے۔ اِس لیے بہتر ہے کہ مکمل الفاظ لکھے جائیں تاکہ کوئی ابہام نہ رہے اور مریض کی حفاظت یقینی ہو۔ Institute for Safe Medication Practices نے بھی ایسی مخففات کی ایک فہرست جاری کی ہے، جن سے مکمل اجتناب کرنا چاہیے۔ واضح زبان کا استعمال نہ صرف حفاظت بڑھاتا ہے، بلکہ مریض اور دواساز کے درمیان اعتماد بھی مضبوط کرتا ہے۔
بچّوں کے لیے نسخہ نویسی کی خصوصی احتیاطیں
بچّوں کا نسخہ زیادہ حسّاس ہوتا ہے کہ اُن کی دوا وزن کے حساب سے دی جاتی ہے۔ اِس لیے بچّے کا وزن درج کرنا ضروری ہے تاکہ دوا کی صحیح مقدار کا حساب لگایا جا سکے۔ اکثر ادویہ بچّوں کو ملی گرام فی کلوگرام کے حساب سے دی جاتی ہیں۔ اگر وزن غلط ہو، تو دوا کم یا زیادہ ہو سکتی ہے، جو بچّے کے لیے خاصی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
بچّوں کے لیے شربت یا قطرے واضح مقدار میں لکھے جائیں تاکہ والدین صحیح طریقے سے دوا دے سکیں۔ والدین کو یہ بھی سمجھانا چاہیے کہ گھر میں موجود چمچ کی بجائے میڈیکل سرنج استعمال کریں تاکہ مقدار درست رہے۔ بچّوں کے نسخے میں ذائقہ، رنگ اور دوا کے ممکنہ مضر اثرات سے متعلق بھی رہنمائی دینا مفید ہوتا ہے تاکہ والدین ذہنی طور پر تیار رہیں۔
نسخہ نویسی کا حسّاس عمل
اندرونی مریض اور آئی سی یو کے مریضوں کا علاج انتہائی حسّاس ہوتا ہے کہ یہ مریض بیماری کی شدید حالت میں ہوتے ہیں اور اُنہیں ایک ساتھ کئی ادویہ دی جا رہی ہوتی ہیں۔ یہاں مریض کی حالت ہر گھنٹے بدل سکتی ہے، اِس لیے ہر دوا کی مقدار، طریقہ اور وقت بہت احتیاط سے لکھا جاتا ہے۔
علاج میں ڈاکٹر، نرس اور دیگر عملہ مسلسل رابطے میں رہتا ہے اور مریض کی حالت کے مطابق ادویہ میں تبدیلی بھی کی جاتی ہے۔ اسپتالوں میں عام طور پر میڈی کیشن چارٹ استعمال ہوتا ہے، جس پر ہر دوا کا وقت، مقدار اور دینے والے شخص کا نام درج ہوتا ہے۔ یہاں نسخہ نویسی ایک مسلسل عمل ہے، نہ کہ ایک بار کا کام، اور اس میں ٹیم ورک کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔
اسپتال کے معیاری طریقۂ کار اور حفاظت کے پروٹوکولز
اسپتالوں میں ادویہ کے استعمال کے لیے واضح اصول ہوتے ہیں، جنہیں ’’Standard Operating Procedures ‘‘کہا جاتا ہے۔ ان کا مقصد علاج کو محفوظ، منظّم اور معیاری بنانا ہوتا ہے۔ ہر اسپتال میں خطرناک ادویہ، ایمرجینسی ادویہ اور دیگر ادویہ کے لیے الگ پروٹوکول موجود ہوتے ہیں۔ نرسنگ اسٹاف اور ڈاکٹرز اِن اصولوں کے مطابق کام کرتے ہیں تاکہ غلطی سے بچا جا سکے۔
ہائی الرٹ میڈی کیشنز جیسے انسولین، ہیپرین اور پوٹاشیم کلورائیڈ کے لیے ڈبل چیکنگ کا نظام ہوتا ہے تاکہ مقدار میں غلطی کا امکان کم ہو۔ اس کے علاوہ Medication Error Reporting System بھی ہوتا ہے، جس کے ذریعے غلطیاں ریکارڈ کر کے سسٹم بہتر بنایا جاتا ہے۔
میڈیکل تعلیم اور نسخہ نویسی کی عملی تربیت
میڈیکل کالج میں طلبہ کو ابتدا ہی سے نسخہ نویسی کی بنیادی تربیت دی جاتی ہے۔ انہیں ادویہ کے اثرات، مقدار اور محفوظ استعمال سے متعلق سکھایا جاتا ہے۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ ہر مریض کے لیے ایک جیسا نسخہ مناسب نہیں ہوتا۔ مریض کی عُمر، وزن، بیماری اور حالت مدِنظر رکھنی ضروری ہے۔ ہاؤس جاب اور پی جی ٹریننگ کے دوران نوجوان ڈاکٹرز، سینئرز کی نگرانی میں نسخہ لکھنے کی عملی تربیت حاصل کرتے ہیں۔
کیس ڈسکشن اور کلینیکل آڈٹ کے ذریعے اُنہیں درست فیصلے کرنا سِکھایا جاتا ہے۔ یہ تربیت ڈاکٹر کو ذمّے دار، محتاط اور محفوظ نسخہ نویس بناتی ہے۔ اِس لیے زیرِ تربیت ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ دورانِ تربیت نسخہ تحریر کرنے میں انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ عبور حاصل کریں۔
مریض کی آگاہی، کاؤنسلنگ اور علاج میں شراکت
مریض کو دوا کے استعمال سے متعلق سمجھانا بھی نسخہ نویسی کا اہم حصّہ ہے۔ اگر مریض کو صحیح طریقہ معلوم نہ ہو، تو علاج متاثر ہو سکتا ہے۔ بعض مریض خود سے دوا بند کر دیتے ہیں یا مقدار بدل لیتے ہیں، جو نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اِس لیے ڈاکٹر کو مریض کی مکمل رہنمائی کرنی چاہیے اور یقینی بنانا چاہیے کہ مریض نے ہدایات سمجھ لی ہیں۔
اُسے یہ بھی بتانا چاہیے کہ دوا کے کون سے مضر اثرات ہو سکتے ہیں اور کس صُورت میں فوری رابطہ کرنا ہے۔ جب مریض علاج کے عمل میں شریک ہوتا ہے، تو وہ زیادہ ذمّے دار بنتا ہے اور علاج کے نتائج بہتر ہوتے ہیں۔
عام غلطیاں، اسباب اور بچاؤ کے عملی طریقے
نسخہ نویسی میں عام طور پر کچھ مخصوص غلطیاں ہوتی ہیں، جن سے بچا جا سکتا ہے۔غلط تشخیص سب سے بڑی غلطی ہے، کیوں کہ اگر بیماری ہی غلط سمجھی جائے، تو دوا بھی غلط ہو گی۔ اس لیے ہسٹری اور ایگزامینیشن پر کافی وقت دینا چاہیے۔
غلط مقدار لکھنا، خاص طور پر بچّوں اور بزرگوں میں، ایک اور عام غلطی ہے۔ Drug Interactions کو نظر انداز کرنا بھی خطرناک ہو سکتا ہے، مثال کے طور پر Warfarin اور NSAIDs ایک ساتھ دینا۔ الرجی ہسٹری نہ لینا بھی مریض کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ ان غلطیوں سے بچنے کے لیے ہر ڈاکٹر کو ایک چیک لسٹ بنانی چاہیے، جس پر وہ ہر مریض کے لیے عمل کرے۔
نسخہ نویسی کے قانونی اور پیشہ ورانہ پہلو
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کاؤنسل کے قوانین کے مطابق، ہر ڈاکٹر قانونی طور پر پابند ہے کہ وہ صرف وہی دوا تجویز کرے، جس کی اُسے اجازت ہے۔ Narcotics اور Psychotropic Drugs کے لیے الگ رجسٹر رکھنا ضروری ہے اور ان کی ریکارڈنگ سخت قوانین کے تحت ہوتی ہے۔
اگر کسی مریض کو نسخے کی غلطی سے نقصان پہنچے، تو ڈاکٹر کے خلاف Medical Negligence کا مقدمہ بن سکتا ہے۔ اِس لیے ہر نسخے پر ڈاکٹر کا پورا نام، رجسٹریشن نمبر اور دست خط ہونا ضروری ہے۔ قانونی تحفّظ کے لیے Proper Documentation اور Clear Communication دونوں اہم ہیں۔
مریض کی مالی حالت کا خیال
پاکستان جیسے ملک میں زیادہ تر مریض محدود آمدنی رکھتے ہیں، اِس لیے ذمّے دار ڈاکٹر ہمیشہ سَستی، لیکن مؤثر دوا تلاش کرتا ہے۔ جینرک میڈیسنز عام طور پر برانڈڈ میڈیسنز سے پچاس سے اَسّی فی صد سَستی ہوتی ہیں، جب کہ ان کا معیار یک ساں ہوتا ہے۔
مریض کو یہ اختیار دینا چاہیے کہ وہ جینرک لے یا برانڈڈ، لیکن اس کے ساتھ دونوں سے متعلق مکمل معلومات بھی دی جائیں۔ مریض کی مالی حیثیت مدّ ِنظر رکھ کر علاج تجویز کرنا بھی طبّی اخلاقیات کا حصّہ ہے کہ علاج منہگا ہو گا، تو مریض اُسے ادھورا چھوڑ دے گا۔
عملی تجاویز اور عادات
ہر ڈاکٹر کو اپنی پریکٹس میں کچھ ایسی عادات اپنانی چاہئیں، جو نسخہ نویسی کو بہتر بنائیں۔ ہر مریض کے لیے کم از کم پانچ منٹ ہسٹری اور طبّی معاینے پر دیں تاکہ تشخیص درست ہو۔ نسخہ لکھنے سے پہلے Standard Treatment Guidelines اور Drug Formulary دیکھیں تاکہ تازہ ترین معلومات کے مطابق فیصلہ ہو۔ ہر نسخے کے آخر میں اگلے فالو اَپ کی تاریخ لکھیں تاکہ مریض کو معلوم ہو کہ کب دوبارہ آنا ہے۔
مریض سے پوچھیں کہ وہ دوا سمجھ گیا ہے یا نہیں اور اگر ضرورت ہو، تو لکھ کر دیں۔ خود کو مسلسل اَپ ڈیٹ رکھیں کہ ہر سال نئی ادویہ اور گائیڈ لائنز آتی ہیں۔ یہ چھوٹی چھوٹی عادات نسخہ نویسی کو محفوظ اور مؤثر بناتی ہیں۔ نسخہ ہمیشہ ڈاکٹر کے اپنے پرنٹڈ لیٹر پیڈ پر ہونا چاہیے، جس پر مکمل تفصیلات اور ایمرجینسی رابط نمبر لکھا ہو تاکہ کسی ہنگامی صُورت میں رابطہ کیا جا سکے۔
نسخہ نویسی ایک فن، سائنس اور اخلاقی فریضہ
بہترین معالج وہی ہے، جو صرف بیماری کا علاج نہیں کرتا، بلکہ مریض کی حفاظت، عزّت اور بھلائی کو بھی مقدّم رکھتا ہے۔ درست نسخہ نویسی اِسی ذمّے داری کا سب سے اہم حصّہ ہے۔ جب ڈاکٹر محنت سے تشخیص کرتا ہے، سائنسی بنیادوں پر دوا چُنتا ہے اور مریض کو مکمل ہدایات دیتا ہے، تو وہ صرف دوا نہیں دیتا، بلکہ اُمید، اعتماد اور شفا کی راہ دِکھاتا ہے۔
طب کا مستقبل اِسی پر منحصر ہے کہ ہم نسخہ نویسی کو روٹین کا کام نہ سمجھیں، بلکہ اسے ایک فن، سائنس اور ایک اخلاقی فریضہ سمجھیں۔ ہر نسخہ ایک موقع ہے کہ ڈاکٹر اپنی مہارت، دیانت داری اور انسانیت کا ثبوت دے اور یہی امر ایک معالج کو عام ڈاکٹر سے ممتاز بناتا ہے۔ (مضمون نگار، پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ اور چیف میڈیکل آفیسر، محکمۂ صحت سندھ ہیں)