کراچی( مطلوب حسین) کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ نے کہا ہے کہ امام خمینی ؒکی تحریک قرآن کی پاکیزہ تعلیمات، سیرت نبوی اور ولایت علوی سے ماخوذ تھی، اور آزادی، خود مختاری، قومی مفادات کا تحفظ اور قومی خودمختاری اس تحریک کی اہم بنیادیں شمار ہوتی ہیں،اسلامی انقلاب کے اگلے مرحلے میں، آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے انقلاب اسلامی کے معمار کی حیثیت سے، دنیا بھرکے سیاسی، سیکورٹی، ثقافتی اور اقتصادی طوفانوں کے درمیان اس انقلاب کی حفاظت کی اور قومی طاقت و اعتماد، مزاحمت اور معاشی ترقی کے ذریعے اس انقلاب کو اپنے عروج پر پہنچایا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےکراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلیٹ جنرل میں انقلاب اسلامی ایران کے بانی امام خمینیؒ کی 37 ویں برسی کے موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور حالیہ جنگ کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرمختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے معروف علماء کرام ، قانون دان، ماہرین تعلیم، میڈیا پرسنز، اور مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور اراکین شریک تھے۔ایرانی قونصل جنر ل اکبر عیسیٰ زادہ نے مزید کہاہے کہ امریکا اور اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے مقابلے میں ملت ایران کا مسلسل میدان میں حاضر رہنا ہم سب کے دلوں کے لیے ایک مرہم ہے جو آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے سبب مجروح تھا۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے اپنے خطاب میں کہااسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت اور اس کے دشمن کے خلاف دنیا کے تمام مسلمانوں کی آواز در حقیقت اتحاد بین المسلمین کا مظہر ہے اور امام خمینی ؒ کے عمیق اور تعمیری افکار سے ماخوذ ہے۔