کراچی (اے پی پی) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ خواب صرف محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد سے حقیقت بنتے ہیں، اس لئے نوجوان جدید تعلیم، آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے خود کو آراستہ کریں ۔وہ ایک سالہ لیڈرشپ اینڈ آئی ٹی کلاسز کے طلبہ سے خطاب کررہے تھے۔دوسری جانب گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کے 78ویں یومِ شہادت پرزبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن محمد سرور شہید کا جذبہ ایثار، شجاعت اور حب الوطنی نئی نسل کے لئے مشعلِ راہ ہے۔طلبہ سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم کا ڈیجیٹل یوتھ پروگرام نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا ایک انقلابی منصوبہ ہے، اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) ، ڈیجیٹل اسکلز، فری لانسنگ، اسٹارٹ اپس، انٹرپرینیورشپ، روزگار، اسکالرشپس، انٹرن شپ، لیپ ٹاپ اسکیم اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ ملکی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اس مقام پر پہنچ چکا ہے کہ کوئی بھی اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔