آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: میں نے ایک منت ( نیاز ) مانی ہے کہ مجھے ایک خاص محکمے میں ملازمت مل جائے تو میں جتنا ممکن ہو ہر سال عیدالاضحی میں حضور ﷺ کے لیے جانور کی قربانی کروں گا، عرض یہ ہے کہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ اس صورت میں آپ اپنے لیے ہی قربانی کر سکتے ہو، اگر اپنے لیے نہ کروں، صرف حضور ﷺ کے لیے کروں یہ نہیں کرسکتے، کیوں کہ قربانی آپ پر ہی لازم ہوتی ہے، پہلے اپنے لیے پھر رسول اللہ ﷺ کے لیے ہوگی۔ اس خاص ادارے میں ملازمت ملنے کی صورت میں، میں یہ منت کیسے پورا کروں؟
جواب: آپ نے مشروط نذر مانی ہے جو منعقد ہوگئی ہے، لہٰذا اگر آپ کو اس محکمے میں ملازمت مل جائے گی، تو اس کے بعد ہر سال رسول اللہﷺ کی طرف سے قربانی کرنا واجب ہوگا، بشرطیکہ آپ کے پاس ایک فرد کی قربانی کی رقم موجود ہو، چاہے آپ پر خود اپنی طرف سے قربانی کرنا واجب ہو یا نہ ہو۔
خلاصہ یہ ہے کہ اگر آپ پر صاحبِ نصاب ہونے کی وجہ سے قربانی واجب ہو تو وہ قربانی تو آپ نے کرنی ہوگی، لیکن اس کے ساتھ ساتھ منت پوری کرنا بھی ضروری ہوگا، اگر آپ صاحبِ نصاب نہ ہوں جس کی وجہ سے آپ پر قربانی واجب نہ ہو، لیکن آپ کے پاس ایک قربانی کی رقم موجود ہو تو بھی آپ کو منت پوری کرنا ضروری ہوگا۔ (الدر المختار مع رد المحتار، کتاب الأيمان، ج:3، ص:737، ط:سعيد -الفتاویٰ الھنديۃ، کتاب الصوم، ج:1، ص:208، ط:دار الفکر)