گواڈالاہارا، میکسیو (جنگ نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے ہی روز ٹکٹوں کی ہوش ربا قیمتوں نے شائقین کا جوش ٹھنڈا کر دیا، جس کے باعث اسٹیڈیم کی نشستیں خالی رہ گئیں۔ گواڈالاہارا اسٹیڈیم میں جنوبی کوریا اور چیک ریپبلک کے میچ کے دوران اسٹینڈز کے بڑے حصے خالی نظر آئے۔ شائقین نے اس کا ملبہ مہنگے ٹکٹوں پر ڈالا ہے، جہاں جنوبی کوریا نے یہ میچ 1-2 سے جیتا۔ البتہ فیفا صدر جانی انفینٹینو نے قیمتوں کا دفاع کرتے ہوئے شائقین کا مذاق اڑایا اور طنزاً کہا کہ اگر کوئی فائنل کا ٹکٹ 20 لاکھ ڈالر کا خریدے گا تو میں خود اسے ہاٹ ڈاگ اور کوک پیش کروں گا۔ واضح رہے کہ قطر کے مقابلے میں اس بار فائنل کا آفیشل ٹکٹ 1600 ڈالر سے بڑھا کر ریکارڈ 11000 ڈالر (تقریباً 30 لاکھ روپے) مقرر کیا گیا ہے۔