• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واسا ملتان کے 40 سالہ جامع سیوریج و واٹر سپلائی ماسٹر پلان بارے اجلاس

ملتان(سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت واسا ملتان کے 40 سالہ جامع سیوریج و واٹر سپلائی ماسٹر پلان بارے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر کے سیوریج اور واٹر سپلائی نظام کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے، بوسیدہ انفراسٹرکچر کی تبدیلی اور سہولیات سے محروم علاقوں تک خدمات کی فراہمی کیلئے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں جاری 25 ارب روپے کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت جاری منصوبوں کے علاوہ ان علاقوں کی ضروریات اور مسائل پر بھی غور کیا گیا جو موجودہ پروگرام میں شامل نہیں ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ پلان میں بوسیدہ سیوریج و واٹر سپلائی نیٹ ورک کی تبدیلی، غیر خدمت یافتہ آبادیوں کی کوریج میں اضافہ اور جدید ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام سمیت مختلف منصوبے شامل ہیں منصوبے کا مقصد شہری آبادی کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور گندے پانی کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مستقبل کی شہری ضروریات اور آبادی میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل عمل اور پائیدار تجاویز مرتب کی جائیں۔اجلاس میں مجوزہ سفارشات کو حتمی شکل دے کر حکومت پنجاب کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ، منیجنگ ڈائریکر واسا اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ملتان سے مزید