کراچی( اسٹاف رپورٹر )ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز سندھ میں ایک اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال بالخصوص محرم الحرام کے انتظامات کا خصوصی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے دوران مشترکہ فلیگ مارچ اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، تمام مکاتب فکر کے اجتماعات، مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا،ڈی جی رینجرز نے صوبے کے بین الصوبائی داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کیے جانے کی بھی ہدایات جاری کیں، تمام مکاتب فکر سے اپیل کی گئی کہ وہ محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں امن و امان قائم کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔