کراچی ( جنگ نیوز )کراچی کے حلقہ NA-241 سے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے ڈی ایچ اے کراچی کے رہائشیوں کو ڈملوٹی سے ڈی ایچ اے کراچی تک یومیہ 10 لاکھ گیلن اضافی پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری پر مبارکباد دی ہے،انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ان کے انتخابی منشور ’’ٹینکر سے پاک ڈی ایچ اے‘‘ کا اہم حصہ تھا جس کی سندھ کابینہ کے حالیہ اجلاس میں منظوری دی گئی اور اس طرح پیپلزپارٹی نے اپنا وعدہ پورا کردیا،ڈاکٹر بیگ نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس منصوبے کیلئے ذاتی دلچسپی لی۔