• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاشقان رسولؐ ربیع الاول کا استقبال شریعت و سنت کے مطابق کریں، مولانا عبید رضا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دعوت اسلامی کے زیر اہتمام نشتر پارک کراچی میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں عظیم الشان اور روح پرور اجتماع منعقد ہوا، جس میں شہر کے مختلف علاقوں سے ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے انتہائی عقیدت و محبت کے ساتھ شرکت کی، اجتماع کے دوران یا رسول اللّٰہ ﷺ مرحبا، اور درود و سلام کی صداؤں سے پورا ماحول معطر رہا جبکہ شرکاء کے ہاتھوں میں سبز پرچم لہرا رہے تھے جو ماہ ربیع الاول کی آمد کی خوشی کا اظہار کر رہے تھے،اجتماع میں دعوت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کے اراکین، مختلف ڈویژنز، ڈسٹرکٹس، ٹاؤنز اور شعبہ جات کے نگران و ذمہ داران کے علاوہ سیاسی، سماجی، کاروباری، تعلیمی، صحافتی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی،اجتماع سے صاحبزادہ امیر اہل سنت مولانا عبید رضا عطاری نے ربیع الاول کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے عاشقان رسول ﷺ کو تلقین کی کہ وہ اس بابرکت مہینے کا استقبال شریعت و سنت کے مطابق کریں، گھروں، محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز پرچموں اور مناسب سجاوٹ سے آراستہ کریں، درود پاک کی کثرت کریں، سیرت مصطفیٰ ﷺ کا مطالعہ کریں، نیکی کی دعوت عام کریں اور اپنی عملی زندگی کو سنت رسول ﷺ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ ربیع الاول صرف خوشی منانے کا مہینہ نہیں بلکہ حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے، اخلاق نبوی اپنانے، عبادات میں اضافہ کرنے اور معاشرے میں محبت، اخوت اور امن کو فروغ دینے کا بھی پیغام دیتا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید